اسلام آباد(سچ خبریں) عالمی وبا کورونا کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے چین سے کرونا وائرس ویکسین کی مزید 20 لاکھ ڈوزز پاکستان پہنچائی جائیں گی، ملک بھر میں ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک تقریباً 40 لاکھ افراد کی ویکسینیشن ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ چین سے کرونا ویکسین کی مزید کھیپ پاکستان پہنچائی جائیں گی، 16 مئی کو کورونا ویکسین کی 12 لاکھ ڈوز پاکستان پہنچائی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 مئی کو سائنو ویک ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز اسلام آباد پہنچائی جائیں گی جبکہ اسی روز سنگل ڈوز کین سائنو ویکسین کی 2 لاکھ ڈوزز پہنچائی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق بعد ازاں 21 مئی کو سائنو ویک ویکسین کی مزید 20 لاکھ ڈوزز اسلام آباد پہنچائی جائیں گی۔
خیال رہے ملک میں 40 سال سے زائد عمر افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز 3 مئی سے ہوا تھا، ملک بھر میں اب تک تقریباً 4 ملین افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔علاوہ ازیں 16 مئی سے 30 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن شروع ہوگی۔
دوسری جانب ترجمان حکومت سندھ مرتضٰی وہاب نے کہا کہ سائنو فام کے فریش ڈوز کو وقتی طور پر روکا گیا ہے، جس کا مقصد ان افراد کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانا ہے جو پہلا ڈوز لگوا چکے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سائنو فام ویکسین کی وافر تعداد میں سپلائی کے بعد دوبارہ سے دونوں ڈوز لگائے جائیں گے۔