اسلام آباد: (سچ خبریں) حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔میڈیا کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آئندہ 15 روز کے دوران پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس میں کہا گیا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 5 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 255 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 252 روپے 10 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، وزارت خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں حکومت نے دسمبر کے ابتدائی 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا اور پیٹرول 3 روپے 72 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 29 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی تھی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 10 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی، اسی طرح کہا گیا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافے سے 258 روپے 43 پیسے میں دستیاب ہوگا۔
وزارت خزانہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 48 پیسے فی لیٹر کم کی تھی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 151 روپے 73 پیسے ہوگئی تھی، مٹی کا تیل 62 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 164 روپے 98 پیسے مقرر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 15 نومبر کو حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 255 روپے 14 پیسے پر برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمتوں میں کمی کردی تھی۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ کیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی تھی۔