بلوچستان:(سچ خبریں) بلوچستان کے ضلع آوران میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کے بارے میں مصدقہ خفیہ اطلاع پر آوران میں آپریشن کیا، ان حملوں میں دیسی ساختہ بم استعمال کیے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی جانب سے صوبے میں محنت سے حاصل کیے گئے امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بناتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ 23 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا تھا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی، جس میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ 22 فروری کی شام کو بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق الرٹ اور ہمہ وقت تیار جنگی دستوں نے نہ صرف اس بزدلانہ کوشش کو بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنایا تھا بلکہ انہوں نے زمینی اور فضائی آلات کا استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے فوری طور پر فالو اپ آپریشن بھی شروع کیا گیا۔