اسلام آباد ( سچ خبریں) ملک میں بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے امکان ہے اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کردی۔ بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان پایا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے ، سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا 29 دسمبر کو سماعت کرے گا ، جہاں نیپرا کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ نومبر میں 8 ارب 24 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی ، اس دوران بجلی کی پیدواری لاگت 66 ارب رہی جہاں ڈیزل سے 27 روپے 20 پیسے فی یونٹ تک مہنگی ترین بجلی پیدا ہوئی جب کہ فرنس آئل سے 20 روپے 27 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی ، ایل این جی سے بننے والی بجلی کی پیداواری لاگت 17 روپے 26 پیسے رہی ، ایران سے 13 روپے 35 پیسے فی یونٹ پر بجلی امپورٹ کی گئی اس کے علاوہ نومبر میں 20 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے کروڑوں صارفین کو بری خبر سنائی گئی ہے جہاں ایک جانب صارفین کو موسم سرما میں بھی بھاری بھرکم بل موصول ہو رہے، تو دوسری جانب بجلی صارفین کو دی جانے والی اہم سہولت بھی ختم کر دی گئی ، لیسکو نے بجلی کے بلوں کی اقساط کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے ، لیسکو نے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے بلوں کی اقساط پر پابندی لگائی ہے ، آئندہ سے صرف ایک ماہ کے بجلی کے بل پر بھی گھریلو صارفین کو اقساط کی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔