اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید تعاون کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں اپنے ایرانی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی کے لیے ایران نے بہترین کردار ادا کیا۔
اس سے قبل پاکستانی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ آمد پر اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کا استقبال کیا تھا۔
حسین امیر عبداللہیان گزشتہ روز بلاول بھٹو کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ ایرانی وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دوطرفہ دورہ ہے۔
اس سے قبل آج، دونوں رہنماؤں نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی اور دفتر کے احاطے میں صنوبر کا درخت لگایا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کے دورے سے قبل دفترِ خارجہ نے بیان جاری کیا تھا کہ ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیرعبد اللہیان، بلاول بھٹو زرداری سے وسیع تر ایجنڈے پر بات چیت کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بات چیت بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ بھی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے اتفاقِ رائے پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
قبل ازیں ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور اور تجارت، سڑکوں اور شہری ترقی، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی وغیرہ کی وزارتوں کے سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے وزیر خارجہ کے دورہ سے متعلق تیاریوں کے لیے ملاقاتیں کیں۔