اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ افغانستان کا استحکام پاکستان کے لئے بہت اہم ہے ہم افغانستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور وہاں ایک مستحکم حکومت کے خواہاں ہیں۔ ہم نے افغان طالبان کو پہلے امریکا اور پھر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ کیا۔
وزیراعظم کے امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، 1970 میں پاکستان نے چین امریکا تناؤ کم کرنے میں کردار ادا کیا تھا اور آج بھی امریکا چین تناؤ کم کرنے کیلئے پاکستان کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کے 90 فیصد علاقے پر ہم باڑ لگا چکے ہیں اور ہم افغانستان کے ساتھ سرحد مکمل طور پر سیل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم افغانستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور وہاں ایک مستحکم حکومت دیکھنا چاہتے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان طالبان کو پہلے امریکا اور پھر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ کیا، افغانستان کا حل اس انداز سے نکلنا چاہیے کہ تمام متحارب دھڑے شامل ہوں اور افغانستان میں ایک مستحکم حکومت عمل میں آئے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھارت سے تعلقات ٹھیک ہوئے تو بھارت اور چین کی منڈیوں میں پاکستان کاجغرافیائی لحاظ سے اہم مقام ہوگا، پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کے باعث دنیا بشمول امریکاپاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکے گا۔