واشنگٹن (سچ خبریں) ہیروں سے سجے گیمنگ ماؤس کی قیمت جان کر سوشل میڈیا صارفین بالکل دنگ رہ گئے، گیمنگ ماؤس بنانے والی معروف کمپنی نے ہیرے جڑا ماؤس ٹوئچ کے اسٹریمر کو تحفے میں دےدیا، بتایا گیا ہے کہ اس ماؤس کی قیمت 1 لاکھ ڈالر ( پاکستانی ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد) ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی گیمنگ ماؤس بنانے والی کمپنی فائنل ماؤس نے ہیروں سے مزین اسٹار لائٹ 12 سیریز کا ماؤس گیمنگ کی لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کرنے والی امریکی کمپنی ٹوئچ کے اسٹریمر کو بطور تحفہ پیش کیا۔
یہ ماؤس اسٹار لائٹ سیریز کا نیا آنے والا ماؤس ہے جسے اسٹریمر کو تحفے میں دینے کےلیے خصوصی طور پر ہیروں سے سجایا گیا تھا، جس کی تصویر اسٹریمر سمٹ 1 جی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔اسٹریمر سمٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ماؤس کی قیمت 1 لاکھ ڈالر ( پاکستانی ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد) ہے۔
اسٹریمر نے ہیروں سے سجے ماؤس کو اپنا ‘فرسٹ پیس آف جیولری’ قرار دیا اور کہا کہ وہ اسے روز رات کو تجوری میں لاک کریں گے تاکہ چوری ہونے سے بچایا جاسکے۔اسٹریمر کا کہنا ہے کہ اسٹار لائٹ 12 سیریز کے ماؤس وائرلیس اور وائر والے ماؤس سے زیادہ تیز رفتار ہے، جسے سب سے ہلکی دھات میگنیشم الائے سے بنایا گیا ہے۔