سچ خبریں:یوروپی بارڈر پروٹیکشن ایجنسی فرنٹیکس نے اطلاع دی ہے کہ اس سال جنوری اور اگست کے درمیانی آٹھ ماہ کے عرصے میں یورپی یونین کی سرحدوں میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد 2016 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔
فرنٹیکس ویب سائٹ کے مطابق ابتدائی حسابات کے مطابق 2022 کے پہلے آٹھ مہینوں میں یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں پر تارکین وطن کی تقریباً 188200 غیر قانونی آمد کا پتہ چلا ہے جبکہ غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کی یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 75 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اگست میں یورپی یونین کے رکن ممالک نے تقریباً 32000 غیر قانونی سرحدی گزرگاہوں کو رجسٹر کیا جو 2021 کے اسی مہینے کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہے، رپورٹ کے مطابق مغربی بلقان یورپی یونین کے لیے ہجرت کا سب سے زیادہ فعال راستہ بنا ہوا ہے جہاں اگست میں 15900 غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لیا گیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 141 فیصد زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ سرحدوں کو عبور کرنے والے غیر قانونی تارکین کی بڑی تعداد کی وجہ ان تارکین وطن کی طرف سے بار بار سرحدیں عبور کرنے کی کوششیں ہیں جو پہلے بھی مغربی بلقان میں رہ چکے ہیں۔