سچ خبریں:فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے مغربی کنارے میں دو نوجوان فلسطینیوں کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں صیہونیوں کے خلاف جدوجہد کا ایک نیا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔
فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے جمعرات کو مغربی کنارے میں دو نوجوان فلسطینیوں کی شہادت پر مبنی صہیونی کارروائی پر ردعمل ظاہر کیا،رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہاکہ فلسطینی شہداء کا خون مغربی کنارے میں عوامی انتفاضہ کو تیز کرنے کے لیے مزید طاقت بخشےگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ فلسطینی نوجوان قابضین کے خلاف اپنے اہداف کے حصول کے لیے شہداء کے راستے کو جاری رکھیں گے،اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے کہاکہ مغربی کنارے میں مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ قابضین کے خلاف جدوجہد کے ایک نئے دور اور ایک خواب کا آغاز ہے، یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطینیوں کی سرزمین پرصیہونیوں قبضہ ختم نہیں ہو جاتا۔
واضح رہے کہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع نابلس میں بلاطه کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں آج ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا، اس نوجوان فلسطینی کی شہادت کے بعد بلاطه کیمپ کے مکینوں نے صہیونی فوج کے اس جرم کے خلاف احتجاج کیا،دوسری جانب قابض صہیونی آبادکاروں میں سے ایک نے ایک اور فلسطینی نوجوان کو رام اللہ کے مغرب میں بیت سیرا کی پولیس چوکی کے نزدیک گاڑی سے کچل دیا، مقامی ذرائع نے بتایا کہ مصطفیٰ یاسین نامی 25 سالہ فلسطینی جو کام پر جارہا تھا جب صیہونی آباد کار نے اسے گاڑی سے ٹکر ماری جس کے نتیجہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔