سچ خبریں:سعودی ٹیکنیکل ٹیم تہران میں سعودی سفارتخانے اور مشہد میں اس ملک کا ونصل خانہ کھولنے کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے تہران پہنچی جہاں اس کا استقبال کیا گیا۔
سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی واس نے اعلان کیا ہے کہ سعودی ٹیکنیکل ٹیم تہران میں سعودی سفارت خانے اور مشہد میں اس ملک کے قونصل خانے کو کھولنے کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے تہران پہنچی ہے،رپورٹ کے مطابق یہ دورہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین میں دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور اس عمل کو مکمل کرنے کے حالیہ معاہدے کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔
سعودی ٹیکنیکل ٹیم کے سربراہ ناصر بن عوض آل غنوم نے تہران میں ایرانی وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر ایران کی وزارت خارجہ کی تقریب کے سربراہ ہنردوست سے ملاقات کی۔ سعودی عرب کی ٹیکنیکل ٹیم کے سربراہ نے ہنردوست کے استقبال اور اس ٹیم کے داخلے کی سہولت کو سراہا۔
دوسری جانب ہنردوست نے سعودی ٹیم کے مشن کو آسان بنانے کے لیے تمام سہولیات اور تعاون فراہم کرنے کے لیے ایران کی تیاری کا بھی اعلان کیا، یاد رہے کہ حال ہی میں چین کی ثالثی سے ایران اور سعودی عرب نے اپنے سیاسی تعلقات دوبارہ شروع کرنے اور دو ماہ کے اندر اپنے سفارت خانے اور سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد ایرانی کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللحان نے جمعرات 6 اپریل کو بیجنگ میں اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات اور گفتگو کی۔
ملاقات میں فریقین نے چین کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ بیان پر دستخط کیے ہیں جس میں دیگر امور کے علاوہ تہران اور ریاض میں سفارت خانے نیز مشہد اور جدہ میں قونصل خانے کھولنے کے لیے ضروری اقدامات شامل ہیں۔