سچ خبریں:یمن کی انصاراللہ تحریک کے سربراہ نے تاکید کی کہ سعودی جارح اتحاد صنعا پر زبردست بمباری اور قبضے کی تیاری کر رکھی تھی۔
المسیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق یمنی انصاراللہ کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ یمنی عوام نے جارح اتحاد کا مقابلہ کرنے کے لیے صنعا پر بھروسہ کیا اور اس شہر نے مختلف صوبوں سے آنے والے مہاجرین کی میزبانی کی۔
صنعاء کے عوام سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صنعا آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے جبکہ سعودی اتحاد نے اس شہر پر بڑے پیمانے پر بمباری کی اور اس میں انتہائی گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کیا نیز اس کے خلاف ممنوعہ بین الاقوامی ہتھیاروں کا استعمال کیا اور بڑے پیمانے پر فوجی حملے کئے۔
الحوثی نے کہا کہ دشمنوں نے صنعاء پر قبضے کی کوشش کرتے ہوئے اس پر بڑے فوجی حملوں کی تیاری کی تھی اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے اربوں ڈالر مختص کیے ، انھوں نے صنعاء پر قبضے کے لیے ہر ممکن کوشش کی،تاہم آخر کار انھیں یقین ہوگیا کہ صنعا بہت دور ہے جبکہ ہم کہتے ہیں کہ ریاض بہت قریب ہے۔
رپورٹ کے مطابق یمنی انصاراللہ کے رہنما نے کہا کہ دشمنوں کی سازشوں میں سے ایک سازش صنعا کو اندر سے تباہ کرنا تھا تاہم گزشتہ دسمبر میں ہونے والے فتنہ کو خدا کی مدد سے ناکام بنا دیا گیا۔