سچ خبریں:فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی فورسز نے ایک فلسطینی کو شہید اور تین کو زخمی کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ مغربی کنارے کے شہر جنین پر اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور تین دیگر زخمی ہوئے،دوسری جانب فلسطینی میڈیا نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان جھڑپوں میں زخمی ہونے والوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ شعفاط آپریشن کرنے والے عدی التمیمی نامی نوجوان فلسطینی کی شہادت کے دو دن سے بھی کم وقت میں ہوا جنہیں ایک ہفتے کے تعاقب کے بعد بدھ کی رات شہید کر دیا گیا،خبررساں ایجنسی شہاب نے بدھ کے روز خبر دی کہ صہیونی فوجیوں نے التمیمی پر گولی چلانے کے بعد ایمبولینس کو علاقے میں نہیں داخل ہونے دیا جس کے نتیجہ میں شدید خون بہنے کی وجہ سے وہ شہید ہوگئے۔
درایں اثنا صہیونی فوج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ایویو کوخاوی نے بدھ کے روز اپنی افواج کو مغربی کنارے میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ ترین سطح پر چوکس رہنے اور تیاریوں کا حکم دیا،کوخاوی نے فوجی کمانڈروں سے کہا کہ وہ اپنی کمان کے تحت فورسز کو اعلیٰ ترین تیاری برقرار رکھنے اور مزاحمتی کارروائیوں کا جواب دینے کی ضرورت کی یاد دلائیں۔