سچ خبریں:چین، روس اور ایران کے نائب وزرائے خارجہ نے ویانا مذاکرات کو درست سمت میں آگے بڑھانے کے لیے ہم آہنگی بڑھانے کی ضرورت پر ایک وسیع اتفاق رائے کیا ہے۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ حکومت نے چین، ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والےمعاہدے کا اعلان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں رابطہ کاری کو مضبوط کرنے کے لیے کیا۔
چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 نومبر کو چین کے نائب وزیر خارجہ ما زاؤکسو نے اپنے روسی اور ایرانی ہم منصبوں سرگئی ریابکوف اور علی باقری کنی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملاقات کی۔
ورچوئل میٹنگ کے دوران دونوں فریقین نے ایرانی جوہری مسئلے پر تبادلہ خیال کیا اور وسیع اتفاق رائے پر پہنچ گئے، بیان میں مزید کہا گیاہے کہ چین، روس اور ایران اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہم آہنگی اور بات چیت کر رہے ہیں کہ ایرانی ایٹمی معاہدے سے متعلق مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور جلد از جلد مثبت نتائج تک پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ ایران نے حال ہی میں 29 دسمبر کو غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں کو ہٹانے کی شرط پرمذاکرات شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ مذاکرات کا مقصد صرف بات کرنا نہیں ہے بلکہ یہ ایک ٹھوس معاہدے تک پہنچنے اور باہمی مفادات کا احترام کرنے کا معاملہ ہے۔