سچ خبریں:ایرانی انٹیلی جنس نے صیہونی خفیہ تنظیم موساد سے تعلق رکھنے والے ایجنٹوں کی گرفتاری کے بعد اس معاملے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے صیہونی حکومت کی دہشت گرد ٹیم کی گرفتاری اور ہتھیاروں کے بارے میں مزید تفصیلات جاری کیں، وزارت انٹیلی جنس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گرفتار ہونے والے صیہونی خفیہ ایجنسی موساد کے آلۂ کاروں، دہشتگردوں اور جاسوسوں نے بڑے پیمانے پر تخریبی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، اس بیان کے مطابق صہیونی خفیہ تنظیم موساد سے وابستہ دہشتگردوں کا مقصد دفاعی صنعت کے ایک حساس مرکز کو نشانہ بنانا تھا۔
رپورٹ میں آیا ہے کہ صیہونیوں نے اس مرکز کی اہمیت اور حساسیت کی وجہ سے وسیع پیمانے پر تباہ کاری کے لیے انتہائی پیچیدہ طریقوں کو ڈیزائن کیا تھا، اس ٹیم کے عناصر کوملہ دہشتگرد گروپ کے رکن ہیں جنہیں اس گروپ کے سرغنہ عبداللہ مہتدی نے براہ راست اس مشن کے لیے منتخب اور موساد کی تنظیم سے متعارف کرایا تھا۔
ایران کے انٹیلی جینس اہلکاروں نے ابتدائی مرحلے میں موساد کے آپریشنل افسران کے ساتھ اس گروپ کے رابطے کو برقرار رہنے کے مقصد سے دہشت گردوں کو خاموشی سے گرفتار کیا، یہ اقدام اس ٹیم کے تمام اراکین کی شناخت اور آپریشن کے صحیح وقت کے پتہ لگانے کا باعث بنا۔