سچ خبریں:چینی وزارت خارجہ نے یہ کہتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے روس کو نکالنے کے لیے قرارداد کا مسودہ واضح طور پر تیار نہیں کیا گیا، کونسل سے روس کی معطلی کو غیر تعمیری اور خطرناک قدم قرار دیا۔
بلومبرگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں روس کی رکنیت کو معطل کرنا ایک خطرناک عمل ہے،چینی وزارت نے مزید کہا کہ چین انسانی حقوق کے مسائل کو دوسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مخالفت کرتا ہے اور اس طرح کے اقدام سے تنازعات کو کم کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق چین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے روس کو نکالنے کی قرارداد کا مسودہ کھلے اور شفاف طریقے سے تیار نہیں کیا گیا ،چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا کہ اس طرح کا جلدبازی کا اقدام، جو دوسرے ممالک کو فریق بننے پر مجبور کرے گا، رکن ممالک کے درمیان خلیج کو بڑھا دے گا۔
یاد رہے کہ جمعرات (7 اپریل) کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں روس کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔