سچ خبریں:تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے الجزائر کے جوڈو چیمپئن سے ٹیلی فون پر بات کی جس پر صہیونی کھلاڑی کا سامنا کرنے سے انکار پر 10 سال کے لیے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے الجزائر کے جوڈو چیمپئن فتحی نورین سے ٹیلی فون پر بات کی، جن پر صہیونی کھلاڑی کا سامنا کرنے سے انکار کرنے پر 10 سال کے لیے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے الجزائر کے جوڈوکا کے گرانقدر مقام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا اقدام پوری فلسطینی قوم اور عوام کے لیے باعث فخر ہے، ہنیہ نے مزید کہاکہ اس بہادر جوڈوکا نے صہیونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی دوڑکے درمیان اپنی اصلیت اور اپنی قوم کے اصولوں پر قائم رہنے نیز یہ ثابت کرنے کے لیے ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا کہ الجزائر ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام، تمام ایتھلیٹس اور دنیا کے آزاد عوام کو ایسے بہادرانہ عمل پر فخر ہے، دوسری جانب فتحی نورین نے اس فون کال پر ہنیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ فلسطینی مسئلے پر اس طرح کا مؤقف اختیار کرنا ایک فرض ہے اور ہم ہمیشہ فلسطین اور یروشلم کے ساتھ ہیں۔