صنعا (سچ خبریں) اقوام متحدہ کے نمائندے مارٹن گریفٹس کی انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالمالک الحوثی کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی جس میں عبدالمالک الحوثی نے اقوام متحدہ کے کردار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو یمن میں ہونے والے انسانی المیئے کی کوئی پرواہ نہیں وہ تو صرف سعودی اتحاد کو بچانے کی کوشش کررہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالمالک الحوثی نے اقوام متحدہ کے نمائندے مارٹن گریفٹس کے ساتھ ملاقات میں یمن میں جاری انسانی المیئے کو فوجی یا سیاسی معاملات سے جوڑے جانے کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
انصاراللہ کے سربراہ کے ساتھ اقوام متحدہ کے نمائندے کی ملاقات سے متعلق زيادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہے تاہم بتایا جاتا ہے کہ سید عبدالمالک الحوثی نے اس ملاقات یمن میں انسانی المیئے سے متعلق معاملات میں اقوام متحدہ کے کردار بھی تنقید کی ہے۔
دوسری جانب یمن کے حالات پر نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے مشن کو یمن کے انسانی المیئے سے سعودی اتحاد کی نجات کی فکر ہے کیونکہ مارب کی جنگ اور سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر یمن کے ڈرون اور ميزائیلی حملوں کے تعلق سے سعودی اتحاد کو سیاسی فوجی اور معاشی اعتبار سے بہت زيادہ ہزیمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ قوام متحدہ میں یمن کے امور کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفٹس نے گزشتہ ہفتے ریاض میں موجود یمن کی مستعفی حکومت اور سعودی عرب کے حکام کے علاوہ مسقط میں یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے اعلی مذاکرات کار محمد عبد السلام سے بھی ملاقات کی تھی۔