کراچی (سچ خبریں)پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر سوشل میڈیا پر اپنا ایک ویڈیو پیغام قوم کے نام شیئر کیا جس میں انہوں نے آزادی کا صحیح مقصد بیان کیا ہے، ہم سب باتیں تو کرتے ہیں لیکن اپنے وطن کے لئے کچھ بھی نہیں کرتے۔
سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر بشریٰ انصاری کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ہم ہر یوم آزادی پر بہت اچھی باتیں کرتے ہیں، بہت اچھے کپڑے پہنتے ہیں مگر اصل میں ہم سب اپنے وطن کے لیے کچھ بھی نہیں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم صرف اپنے سیاست دانوں اور حکمرانوں کو برا بھلا کہتے ہیں، تھوڑا بہت اپنے بارے میں بھی سوچنا چاہیے کہ ہم خود کیا کرتے ہیں، مگر ہم اپنی ذمہ داری پر کوئی دھیان نہیں دیتے ہیں۔‘
بشریٰ انصاری کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ہم نے تعلیم کے لیے یا پاکستان کی بڑھتی آبادی کم کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ہے، ہمیں اپنی آبادی کے لیے ہی سوچنا چاہیے کہ اگر وسائل کم اور آبادی زیادہ ہوگی تو ملک کیسے چلے گا، تعلیم ضروری ہے مگر ملک میں اس وقت اور بھی بہت سے شعبوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ صرف باتیں نہیں بنانی ہیں ملک کے لیے کچھ مثبت بھی کرنا ہے، اپنے ملک کے باسیوں کا خیال کرنا ہے مدد کرنی ہے اور آنے والے مستقبل کے لیے کچھ اچھا سوچنا۔اُن کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے سوچنا چاہیے اور ایسی نسلیں تیار کرنی چاہئیں کہ جو پاکستان کو آگے لے کر چلیں اور اس کا مستقبل پہلے سے بہتر بنائیں۔