سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں مسلم لیگ جموں و کشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلم لیگ جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادیں تنازعہ جموں وکشمیر کا آسان اور بہترین حل فراہم کرتی ہیں جن کے تحت تناعے کے بنیادی فریق یعنی جموں و کشمیر کے عوام کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے قائم قام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے سرینگر میں پارٹی رہنمائوں اورکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو یہ حق دیا گیاہے کہ وہ اس بات کا فیصلہ کریں کہ وہ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کے ساتھ اپنا مستقبل وابستہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا بھارت نے 5 اگست 2019 کو جو غیرقانونی اور غیر آئینی اقدامات کئے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے اور وہ بین الاقوامی قوانین کو روندنے کا مرتکب ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کشمیری 5 اگست2019ء کے فیصلے کو واپس لینے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے کہا اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ تنازعہ کشمیر حل کئے بغیر امن قائم ہو گا تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے، بدالاحد پرہ نے مسلم لیگ کے دیرینہ کارکن جاں نثار کشمیری کے والد کے انتقال پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔