سرینگر (سچ خبریں) کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والی ریاستی دہشت گردی کو دیکھتے ہوئے آج رات مکمل بلیک آؤٹ کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے، ریاستی دہشت گردی اور تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مذموم ہتھکنڈوں کے خلاف بطور احتجاج آج رات 8 بجے سے 9 بجے تک مکمل بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بلیک آؤٹ کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے جبکہ جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزس ٹنس موئومنٹ اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ سمیت دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں، سول سوسائٹی کے کارکنوں اور تاجر یونینوں کے نمائندوں نے اس کی حمایت کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو کیے گئے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کے خلاف یہ بلیک آؤٹ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت ہوگا۔
دریں اثنا پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے 100روز مکمل ہونے کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے اس دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں 44 کشمیری شہید کیے۔
بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی 720 پر تشدد کارروائیوں کے دوران کم از کم 20 مکانات کو تباہ، 326 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار جبکہ 143 کو زخمی کیا۔
رپورٹ میں سیاسی مبصرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں سیز فائر کے باوجود بھارتی فوجیوں کی پر تشدد کارروائیوں اور بی جے پی حکومت کی کشمیر مخالف پالیسیوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور آئے دن کشمیری نوجوانوں شہید کیا جارہا ہے۔