سرینگر (سچ خبریں) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر بلائی گئی اہم میٹنگ میں شرکت کے حوالے سے گپکار الائنس نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس میٹنگ میں شرکت کریں گے لیکن دفعہ 370 پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر 24 جون کو مقبوضہ کشمیر کے سبہی لیڈر، جنہیں مرکز کی طرف سے دعوت ملی ہے، دہلی آئیں گے اور وزیر اعظم مودی کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں شامل ہوں گے۔
مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم میٹنگ میں حصہ لینے دہلی جا رہے ہیں، ہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے سامنے اپنے مطالبات رکھیں گے، میٹنگ میں فاروق عبداللہ کے ساتھ محبوبہ مفتی اور ایم وائی تاریگامی جیسے جموں و کشمیر کے بڑے لیڈر حصہ لیں گے۔
نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ نے کہا کہ گپکار اعلامیہ کے جن لیڈروں کو وزیر اعظم کی طرف سے دعوت ملی ہے، سبہی لوگ میٹنگ میں شامل ہوں گے، وہیں محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہم بات چیت کے خلاف نہیں ہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اعتماد پیدا کرنے کے لئے پہلے کچھ کرے اور دفعہ 370 کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق گپکار لیڈروں کے ذریعہ میٹنگ میں شامل ہونے کا فیصلہ منگل کو میٹنگ کے بعد لیا گیا، گپکار اعلامیہ اتحاد (پی اے جی ڈی) کے صدر فاروق عبداللہ نے منگل کو بتایا کہ اتحاد وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ اعلان مقبوضہ کشمیر میں فاروق عبداللہ کے گپکار روڈ واقع رہائش گاہ پر مرکز کی دعوت پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے بلائی گئی پی اے جی ڈی لیڈروں کی میٹنگ کے بعد کیا گیا۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی اور مارکسوادی کمونسٹ پارٹی کے لیڈر ایم وائی تاریگامی سمیت سیاسی جماعتوں کے لیڈر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر صبح 11 بجے پہنچے، جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے گزشتہ دو دن میٹنگ کرکے غور و خوض کیا۔