جموں (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں جموں کے فضائی اڈے پر مسلسل دو ڈرون حملوں کے بعد بھارت میں شدید تہلکہ مچ گیا ہے اور اسے بھارتی فوج کی سیکیورٹی میں کمی بتایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے سرمائی صدر مقام جموں کے مضافات میں واقع بھارتی فضائیہ کے ایک اہم ٹھکانے پر یکے بعد دیگرے ڈرون کے ذریعے دو بم دھماکے ہوئے ہیں۔
بھارتی عہدیداروں کے مطابق اس واقعے میں بھارتی فضائیہ کے دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں، تاہم بھارتی حکومت نے اس حساس اور ہائی سیکیورٹی مقام پر ہونے والے ان دھماکوں کا انتہائی سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی ( این آئی اے) سے کرانے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ این آئی اے کی ایک خصوصی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔
بھارتی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے دھماکوں کی خبر ملنے کے فورا بعد بھارتی فضائیہ کے نائب ائیر مارشل ہرجیت سنگھ اروڑہ سے فون پر بات کی۔
بھارتی فضائیہ کے ذرائع کے مطابق، فضائیہ کے چیف ائیر مارشل راکیش کمار سنگھ بھدوریہ صورتِ حال کا خود جائزہ لینے کے لیے بہت جلد جموں پہنچ رہے ہیں، وہ ہفتے سے بنگلہ دیش کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی فضائیہ کی ایک ٹیم نے جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارنزک ماہرین کی مدد حاصل ہے، پہلے ہی جائے وقوعہ پر جاکر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس واقعے کے بعد پورے بھارتی کشمیر بالخصوص جموں اور وادی کشمیر میں سیویلین اور تکنیکی ایئر پورٹس سمیت تمام فوجی اور دیگر اہم تنصیبات کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
بھارتی عہدیداروں کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں فضائیہ اور دوسری اہم تنصیبات کے لئے ہائی سیکورٹی الرٹ جاری کرنے کے علاوہ ہمسایہ ریاست پنجاب کے پٹھانکوٹ علاقے میں بھی اس طرح کے سبھی دفاعی ٹھکانوں بالخصوص ائیر فورس اسٹیشن جو بھارتی فضائیہ کی مغربی کمان کے زیرِ استعمال ہے، پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے 2 جنوری 2016 کو پٹھانکوٹ کے اس ائیر فورس اسٹیشن پر ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد حملے میں اور جوابی کارروائی کے دوران نصف درجن بھارتی فوجی اہلکار اور پانچوں مشتبہ حملہ آور ہلاک ہوگئے تھے۔
دوسری جانب بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ جموں کے مضافات میں واقع نروال کے علاقے میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
بھارتی فضائیہ نے بتایا ہے کہ جموں کے ایئرپورٹ پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو ایک بج کر بیالیس منٹ پر پہلا دھماکہ ہوا، جس سے ایک عمارت کی چھت کو نقصان پہنچا، اس کے صرف پانچ منٹ بعد ایک اور دھماکہ کھلے میدان میں ہوا۔
ان دھماکوں میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ارونگ سنگھ اور ایس کے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، تاہم، بھارتی فضائیہ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جموں ائیر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل ایریا میں اتوار کی علی الصبح کم شدت والے دو دھماکے ہوئے۔
ٹوئٹ کے مطابق ایک دھماکے کی وجہ سے ایک عمارت کی چھت کو معمولی نقصان ہوا جب کہ دوسرا ایک کھلے میدان میں ہوا۔
بھارتی ائیر فورس کی ایک اور ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ساز و سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تحقیقات میں سول ایجنسیوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔