سرینگر: (سچ خبریں) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر میں زیر تعلیم ایک بھارتی طالب علم کی طرف سے پیغمبر اسلام ۖکے بارے میں توہین آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے کے خلاف احتجاج کیلئے کل جمعہ کومکمل ہڑتال کی جائے گی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے جبکہ متحدہ جہاد کونسل سمیت نے ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ہڑتال کا مقصد غیر قانونی گرفتاریوں، کشمیری طلباء کے خلاف کالے قانون کے تحت مقدمے کے ندراج، کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی اور لوگوں کی جائیدادوں کی ضبطی کے خلاف احتجاج کرنا بھی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔
بیان میں لوگوں پر زوردیاگیاکہ وہ جمعہ کو غیر کشمیری ہندو طالب علم کی طرف سے توہین آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے کےخلاف احتجاجی مظاہرے کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر کے طلباء نے ادارے میں زیر تعلیم ایک بھارتی طالب علم کی طرف سے سوشل میڈیا پر پیغمبر اسلام ۖکے بارے میں توہین آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔بھارتی پولیس نے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی جیت کا جشن منانے پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے سات طلباء کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی ا ے کے تحت مقدمہ درج کیاہے۔ اس کے علاوہ قابض حکام نے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے، کشمیری سرکاری ملازمین کو برطرف کیاجارہا ہے اور لوگوں کی جائیدادیں ضبط کی جارہی ہیں تاکہ انہیں تحریک آزادی سے وابستگی کی سزا دی جا سکے۔