سچ خبریں: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثناءاللہ نے انکشاف کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کو بیرونی مدد حاصل تھی۔
جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ 9 مئی کو ملک میں ہنگامہ آرائی اور افراتفری پھیلانے کے لیے پی ٹی آئی کو بیرونی مدد ملی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے واقعات ’پاکستان مخالف، دہشت گرد‘ ایجنڈے کی عکاسی کرتے ہیں، وزیراعظم
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جو کچھ بھی کیا، اسے بیرونی فنڈنگ ملی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ممالک پی ٹی آئی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کابینہ نے فیصلہ کیا تو پی ٹی آئی کو ملنے والی بیرونی مدد کے ثبوت بھی پیش کیے جا سکتے ہیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت نے جیل میں سیاسی کانفرنسز اور میٹنگز کرنے کی اجازت نہیں دی۔ عمران خان کو یہ اجازت نہیں کہ وہ جیل میں رہ کر ایسی منصوبہ بندی کریں جس سے باہر افراتفری ہو۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر بھی جیل میں کسی سے ملاقات کرنے کی پابندی لگائی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، عمر ایوب
مزید برآں، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے محرم کے آغاز میں جلسہ کرنے کا فیصلہ مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی طور پر افراتفری پھیلانے کے لیے جلسہ کرنا چاہتی تھی۔