لاہور(سچ خبریں) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے بزرگ شہریوں کو دوسری ویکسین لگوانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 10مارچ کو کورونا ویکسین لگوانے والے بزرگ شہری یکم اپریل کو دوبارہ ویکسین لگوائیں جس کے پیش نظر اتوار والے دن بھی ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ بزرگ شہریوں نے جس سینٹر سے پہلی ڈوز لگوائی دوسری ڈوز بھی اسی سینٹر سے لگوائیں۔انہوں نے بتایا کہ دوسری ڈوز لگوانے والے شہریوں کو میسج موصول نہ ہونے کی صورت میں بھی بائیسویں دن ویکسین لگا دی جائے گی۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز بھی ویکسی نیشن سینٹر کھلے رہیں گے،ویکسی نیشن سینٹرز پر وافر مقدار میں کورونا ویکسین دستیاب ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 126 کورونا ویکسی نیشن سینٹر بنائے گئے ہیں، روزانہ تقریباً 20 ہزار بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چین سے ویکسین کی10لاکھ ڈوز جلد پاکستان پہنچے گی،50 سال عمر سے زائد افراد کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ خیال رہے کہ اکستان کی چین سے خریدی گئی کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ آج خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد آئے گی ، دوسری کھیپ سائینو فارم ویکسین کی 5 لاکھ ڈوزز پر مشتمل ہے۔