اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیرحماداظہر نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان جلدایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا ، بھارت نے فیٹف کو سیاسی فورم بنایا اور اس میں بھی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرحماداظہر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے فیٹف کو سیاسی فورم بنایا ، ہم جلدایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلیں گے۔آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے حماداظہر کا کہنا تھا کہ وراثت میں پارٹیاں لینے والے الیکشن نہیں جیت سکتے، آزادکشمیر کے لوگوں کو بڑا شعور ہے ، آزاد کشمیر میں بھی نئے پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے ریٹس سے متعلق انھوں نے کہا کہ ہم نےیوٹیلٹی اسٹورز پرریکارڈ سبسڈی دی ہے، یوٹیلٹی اوراسٹور اورعام مارکیٹ کے ریٹس میں فرق بہت زیادہ ہے ، اس وجہ سےیوٹیلیٹی اسٹورز کے ریٹس کو بڑھا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ آئندہ آنے والے وقت میں مہنگائی پر قابو پالیں گے، بھارت میں غربت کی شرح پاکستان سے زیادہ ہے۔
خیال رہے امریکہ نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیٹف کی شرائط پوری کرنےکی پاکستان کی کوششوں سے آگاہ ہیں،پاکستان نے فیٹف کی ستائیس میں سےچھبیس شرائط پوری کرلیں ہیں۔