اسلام آباد(سچ خبریں)مقامی دواز ساز کمپنی سرل فارماسوٹیکل پاکستان کا کہنا ہےکمپنی کے مطابق اس نے لیوزون مفارم کے ساتھ کورونا ویکسین کی لائسنسنگ اور سپلائی کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مقامی دوا ساز کمپنی کورونا ویکسین پاکستان میں تیار کرےگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مقامی دوا ساز کمپنی سرل کا چینی کمپنی لیوزون مفارم کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت کورونا ویکسین پاکستان میں تیار کی جائے گی۔سرل کمپنی لمیٹڈ نے ایک خط میں اس معاہدے کے بارے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بتایا ہے کہ ان کا چینی کمپنی لیوزون مفارم کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت کورونا وائرس کی ویکسین (وی -01) پاکستان میں تیار کی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سرل کا لیوزون مفارم کے ساتھ کورونا وائرس ویکسین (وی-01) کی ایکسکلوژِو لائسنسنگ اور سپلائی کا معاہدہ ہوا ہے۔ اس لائسنسنگ معاہدے میں ویکسین کی پاکستان میں تیاری بھی شامل ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ لیوزون مفارم کی بنائی گئی کورونا وائرس ویکسین (وی -01) نے فیز ون اور فیز ٹو کے کلینیکل ٹرائل کے دوران اچھے نتائج دکھائے ہیں جب کہ وی -01 کی افادیت، حفاظت اور امیونوجنسیٹی جانچنے کے لیے تیسرے فیز کے ٹرائل میں کئی ملکوں کے 20 ہزار سے زائد افراد پر اس کے نتائج دیکھے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ دنیا میں اس وقت تیار کی جانے والی متعدد کورونا ویکسینز میں وی-01 زیادہ محفوظ اور اچھے نتائج رکھنے والی ویکسین ہے۔یاد رہے کہ فی الحال ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈراپ) نے ملک میں چار کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دی ہے جن میں چین کی سائنو فارم، کین سائنو، روس کی اسپوٹنک5، اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی آسٹرا زینکا شامل ہیں۔