لاہور (سچ خبریں) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اب کسی کرپٹ کو کسی صورت میں این آر او نہیں دیں گے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں احتساب کا بگل بج چکا ہے، آل زرداری اور آل نواز نے عوام کو نظر انداز کر کے صرف اپنوں کو نوازنے کی کوشش کی۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی ” میٹھا میٹھا ہپ، کڑوا کڑوا تھو” کی پالیسی کے برعکس موجودہ حکومت عدالت عظمیٰ سمیت تمام معزز عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرپشن کی بارش میں بھگے ہوئے آل زرداری اور آل شریف نے قومی خزانے کو گزند پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹیٹ بنک نے الیکشن کمیشن میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خفیہ بینک اکانٹس سے متعلق رپورٹ پیش کی ہے جس کے مطابق شریف خاندان نے 12 اور زرداری خاندان نے 7 بینک اکانٹس خفیہ رکھے ہوئے تھے۔فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ ان دونوں خاندانوں نے اقتدار کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا اور عوامی فلاح کو نظر انداز کر کے صرف اپنوں کو نوازا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی شریف برادران نادہندہ ہونے کے باوجود اقتدار میں آئے اور پرویز رشید بھی پنجاب ہاؤس کے لاکھوں روپے کے نادہندہ نکلے۔وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں احتساب کا بگل بج چکا ہے اور اب کسی کرپٹ، بددیانت کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا۔