میانوالی(سچ خبریں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں گے تمام دائیں اور بائیں بازوں کے گروپوں، بلوچستان اور وزیرستان کے لوگوں سے مفاہمت کرنے کو تیار ہیں لیکن کرپشن کرنے والوں سے کبھی مفاہمت نہیں کریں گے۔
میانوالی میں منصوبوں کا افتتاح اور یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر آج میں وزیر اعظم ہوں تو میانوالی کے کارکنان کی وجہ سے ہی بنا ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا جب ہمارے پانچ سال مکمل ہوں گے میانوالی میں اتنی ترقی ہوگی کہ کسی دور میں نہیں ہوئی ہوگی، اس کی ایک وجہ ہے یہ بھی کہ آپ تب میرے ساتھ تھے جب میرے ساتھ کوئی نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ اللہ جب موقع دے گا میں اپنی کارکردگی سے یہ احسان اتاروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ان پانچ سالوں کے دوران پاکستان کے ان علاقوں کے لیے کام کریں گے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں، پچھلی حکومتوں میں جو علاقے غریب تھے وہ مزید غریب تر ہوتے گئے۔انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی میرے ذاتی اخراجات سے بن رہی ہے اور اس میں پورے پاکستان سے شہری پڑھنے آئیں گے، بلکہ یہ یونیورسٹی بین الاقوامی سطح پر بھی کامیاب ہوگی۔
میانوالی کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے اور مہنگائی کی وجہ کورونا ہے، کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر تجارت متاثر ہوئی ہے، یہ دنیا کا مسئلہ ہے، مثال کے طور پر 1982 کے بعد امریکا کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی اب بھی کم ہے، لیکن بدقسمتی سے برآمد شدہ چیزوں کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں کچھ چیزوں کی قیمتیں بڑھی ہیں۔