کراچی (سچ خبریں)نیا سال شروع ہوتے ہی جہاں لوگوں کے درمیان خوشی کا ماحول ہوتا ہے وہیں کراچی میں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سال نو کی آمد کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 11سالہ بچہ جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔دیگر مختلف علاقوں میں بھی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جس میں 11سالہ بچہ جاں بحق ہوا جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیوذرائع کے مطابق عزیزآباد مکہ چوک ، رنچھوڑلائن ، نارتھ ناظم آباد، کورنگی ، سرجانی ، کالاپل ، زینب مارکیٹ ، گلستان جوہر اور ملیر میں نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ خواجہ اجمیر نگری میں فائرنگ سے زخمی بچہ دم توڑگیا، 11سالہ علی رضا نامعلوم سمت سے لگنے والی گولی سے زخمی ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیزآباد مکہ چوک کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک شخص، رنچھوڑلائن گھاس منڈی میں 14سالہ لڑکا اور نارتھ ناظم آبادبلاک کیومیں 10سال کی بچی زخمی ہوئی۔
ریسکیوذرائع نے بتایا کہ کورنگی اورسرجانی میں اندھی گولیاں لگنے سے2افراد ، کالاپل اورزینب مارکیٹ میں اندھی گولی لگنےسے2افراد اور گلستان جوہر میں اندھی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ ملیر 15 گوشت مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے بھی ایک شخص زخمی ہوا۔