اسلام آباد: (سچ خبریں) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے خلیجی ریاست کے سرکاری دورے کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح سے ملاقات کی۔
کویتی نیوز ایجنسی ’کونا‘ کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کے ہمراہ نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم، کویت میں پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق اور دیگر حکام پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔
مشرقی وسطیٰ کے دورے پر موجود نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ بھی خلیجی ریاست کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے گزشتہ رات کویت پہنچے تھے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم آج ولی عہد اور اپنے کویتی ہم منصب شیخ احمد النوف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔
اجلاس کے دوران رہنماؤں کی جانب سے افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور کان کنی، خوراک کی حفاظت، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون سے متعلق کئی مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ 2023 میں پاکستان اور کویت کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منائی گئی۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کو دو روزہ دورے پر کویت پہنچے تھے، ان کی آمد پر کویت کے وزیر برائے بجلی، پانی اور قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے نگران وزیراعظم کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جہاں سرمایہ کاری سے متعلق تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جو خلیجی ریاستوں سے متعدد ارب ڈالرز کی فنڈنگ کی راہ ہموار کرے گا۔