کراچی(سچ خبریں) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نےاہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ برابری کی بنیاد پر ہاؤس چلایا جائے گااور احساس محرومی کو ختم کیا جائے گا،میرا عہدہ قوانین بنانا ہے اور اگر اپوزیشن کو کوئی اعتراض ہے تو اس کا راستہ عدالت ہے وہ عدالت جا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دوسری بار چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد صادق سنجرانی کراچی پہنچے اور مزار قائد پر حاضری دی ، اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نےایوان میں موجود تمام جماعتوں کو ایک ساتھ لیکر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ میرا عہدہ قوانین کو بنانا ہے اور میں فاٹا سمیت دیگر صوبوں کے لئے آواز بلند کرتا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔
مزار قائد آمد پرچیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی کی دعائیں مانگی بعد ازاں دونوں شخصیات نے مہمانوں کی کتاب مین اپنے تاثرات درج کئے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہناتھا کہ ایک بار پھر ایوان بالا کا چیئرمین منتخب کرانے پر تمام اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور جیسے سہل انداز میں ایوان بالا کو چلایا ، ویسے ہی چلاؤں گا اور ایوان میں موجود تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلوں گا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا مزید کہناتھا کہ نتائج پر پریزائڈنگ آفیسر نے رولنگ دے دی ہے ، اپوزیشن کو اعتراض ہے تو عدالت جائے ، میرا عہدہ قوانین کو بنانا ہے اور میں فاٹا سمیت دیگر صوبوں کے لئے آواز بلند کرتا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔
صادق سنجرانی نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ برابری کی بنیاد پر ہاؤس چلایا جائے گا اور احساس محرومی کو ختم کیا جائیگا جبکہ احساس محرومی کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کراچی کے مسائل کو حل کریں گے۔صادق سنجرانی کا کہناتھا کہ سینیٹ میں جب بھی کوئی بل آئے گا تو قوم کے مفاد میں جو بہتر ہوگا وہ فیصلہ کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والی نسلوں کو قائد اعظم کی جدوجہد سے سیکھنا چاہیے۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی کا کہنا تھا کہ آزاد حیثیت میں سینیٹر بنا تھا اب پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرچکا ہوں اور یہ بات طے ہےکہ ایوان کی کارروائی کسی بھی جگہ چیلنج نہیں ہوسکتی۔