اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی خاندانی سیاست والی جماعت نہیں ہے، وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی تمام تنظیموں کو تحلیل کردیا، تمام ممبران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ پی ٹی آئی کی سیاست متاثر ہونے سے پاکستان کی سیاست متاثر ہوتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تمام صوبوں میں نمائندگی ہے، تمام پارلیمانی بورڈ بھی تحلیل کردیے گئے ہیں۔وزیراعظم کے اس اقدام کے بعد ملک بھر میں نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔
وزیر اعظم کی زیرصدارت ہونے والے پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کہا کہ وزیر اعظم نے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست متاثر ہونے سے پاکستان کی سیاست متاثر ہوتی ہے۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ کے پی میں پارٹی پرفارمنس پر وزیراعظم نےعدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کےپی اور پرویزخٹک ودیگر سے بات چیت کی، مختلف جگہوں پر میرٹ کے برعکس خاندانوں میں ٹکٹ دیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اب ٹکٹ دینے سے متعلق خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں تمام قومی قیادت شامل ہوگی، نئی کمیٹی پارٹی آئین، تنظیم کے ڈھانچے کو تشکیل دے گی جس کے بعد نئی تنظیمیں اور نیا اسٹرکچر تشکیل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی خاندانی سیاست والی جماعت نہیں ہے، عمران خان نے اپوزیشن کو خود پر حاوی ہونے نہیں دیا، ن لیگ کا کلچر پی ٹی آئی میں آگیا تو ہم میں اور ان میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔اپوزیشن جماعتوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف وفاق کی علامت جماعت ہے جبکہ پیپلزپارٹی صرف اندرون سندھ کی پارٹی ہے اور ن لیگ صرف پنجاب کی جماعت بن کر رہ گئی ہے۔