اسلام آباد: (سچ خبریں) پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کردیا۔تحریک انصاف کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تحریری مراسلہ بھیج دیا۔
چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 20 فروری کے حکم نامے میں تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے آپ کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے، لہٰذا ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف ایوان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
ملک عامر ڈوگرنے لکھا ہے کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کا استحقاق ہے، لہٰذا چئیرمین تحریک انصاف کی ہدایات پر اس مراسلے کے ذریعے میں آپ سے قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کر رہا ہوں۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ’اسپیکر صاحب قومی احتساب بیوروی (نیب) قانون کے مطابق چئیرمین نیب کی تقرری قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے مابین مشاورت سے کی جاتی ہے۔‘
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چئیرمین نیب کے استعفے کے بعد نئی تقرری تحریک انصاف کے نئے قائد حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت ہی سے ممکن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیے تھے۔
پی ٹی آئی کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے مستعفی ایم این ایز کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
دوران سماعت لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔