پشاور(سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سمیت خیبرپختون خواہ کی معروف سیاسی شخصیات نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختون خواہ کے ضلع چار سدہ میں تحریک انصاف کی جانب سے شمولیتی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے خطاب کیا۔اس موقع پر ولی باغ کی مشہور شخصیت امیر زیب نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے ضلع چارسدہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا۔
علاوہ ازیں آج ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ضلعی صدر حاجی سرزمین خان اور عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی کامران خان نے اپنے سیکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
حاجی سرزمین خان کو وزیراعلیٰ نے مشیر برائے بونیر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔دوسری جانب آج ہی کے روز پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے جنوبی پنجاب کے دورہ کے دوران کئی سیاسی شخصیات نے ملاقات کر کے مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔راجن پور سے تعلق رکھنے والے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی نے حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کااعلان کیا ۔
ملتان میںپیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر تین مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے اسحاق بچا نے بھی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی اورمسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شمولیت کا اعلان کیا ۔حمزہ شہباز کے خانیوال پہنچنے پر سابقہ رکن پنجاب اسمبلی جمیل شاہ نے متعلقہ حلقے کے رکن قومی اسمبلی افتخار نذیر کی موجودگی میں مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کی۔
مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 271 سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور سرکردہ رہنما اختر علی گوپانگ نے مسلم لیگ (ن)کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔حمزہ شہباز کے دورہ کے دوران ملتان سے بریگیڈئیر (ر) قیصر مہے نے بھی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ۔نئے شامل ہونے والوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے اور فخر ہے کہ اس کا حصہ بن رہے ہیں۔۔ حمزہ شہباز نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نامور سیاستدانوں کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) مزید مضبوط ہوگی۔