کراچی (سچ خبریں) اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئر پورٹ پر ہی بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ کا شکار ہوگیا ،جس کے بعد طیارے کو گراونڈ کردیا گیا ہے۔طیارے کے اگلے وہیل کو نقصان پہنچا ہے، طیارے کو ٹھیک کرنے کیلئے انجینئر کی ٹیم کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئی ہے
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو حادثہ پپش آیا ، حادثے میں ٹگ ماسٹر کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث ایئر بس 320طیارے کے نوزوہیل (اگلے وہیل)کو نقصان پہنچا۔
طیارے کے پش بیک کے دوران ٹگ ماسٹر کے کنکٹنگ راڈ ٹوٹنے کی وجہ سے طیارے کے اگلے وہیل کو نقصان پہنچا ، جس کے بعد طیارے کو گراونڈ کردیا گیا اور مسافروں کو لاونچ منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے ایئر بس 320طیارے کو حادثے سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹگ ماسٹر کے بریک فیل ہوگئے تھے اور بریک فیل ہونے کی وجہ سے پریشر پن ،کنکٹنگ راڈ بھی ٹوٹ گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پریشر پن ،کنکٹنگ راڈ ٹوٹنے کے باعث ایئر بس 320طیارے کے اگلے لینڈنگ گیئر کو نقصان پہنچا، جس پر طیارے کو گراونڈ کردیا گیا ہے اور طیارے کو ٹھیک کرنے کیلئے انجینئر کی ٹیم کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئی ہے۔پی آئی اے نے بتایا کہ مسافروں کو متبادل پرواز پی کے325کے ذریعے کوئٹہ روانہ کردیا گیا ہے۔