اسلام آباد (سچ خبریں) وزیر اعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز کے معاملے پر پارٹی ترجمانوں کا اجلاس آج طلب کرلیا جس میں پنڈورا پیپرزپر تبادلہ خیال کیا جائے گا،،پنڈورا پیپرزمیں پاکستان کی سات سو سے زائد سیاسی، کاروباری شخصیات،سابق فوجیوں اوران کے اہل خانہ کے نام شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس شام 5بجے طلب کر لیا ، جس میں وزیراعظم پارٹی ترجمانوں کو ملکی معاشی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے اور پنڈورا پیپرز پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنڈورالیکس پر آج شام قانونی ٹیم کا اجلاس ہے، وزیراعظم واضح کرچکے پنڈورالیکس کی تحقیقات ہوں گی۔فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کا ڈرافٹ تیارکرلیا گیا، ایک کمیٹی بنادی گئی جس میں ڈرافٹ شئیر کیا جائے گا، فیک نیوز کیخلاف پوری دنیا میں قانون سازی ہورہی ہے۔
خیال رہے آئی سی آئی جے کی جانب سے ’’پنڈورا پیپرز‘‘جاری کئے گئے تھے، پیپرزمیں پاکستان کی سات سو سے زائد سیاسی ،کاروباری شخصیات،سابق فوجیوں اوران کے اہل خانہ کے نام شامل ہیں۔پنڈورا پیپرز میں واضح طور لکھا گیاکہ دستاویز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اپنی کوئی آف شور کمپنی نہیں جبکہ موجود حکومت کے تین وزیروں سمیت کئی اہم لوگوں کے نام آف شورکمپنیاں نکلیں۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والے ’پنڈوراپیپرز‘ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حکومت پنڈورا پیپرز میں آنے والے تمام پاکستانیوں کی تحقیقات کر کے ان کے خلاف ایکشن لے گی۔