لاہور (سچ خبریں) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز بہاولنگر دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، ملزمان قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔
لاہور سے جاری بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بہاولنگر دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو 5، 5 لاکھ جبکہ 11 زخمیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے مالی امداد ملے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ مالی امداد کسی بھی انسانی جان کا نعم البدل نہیں۔
انہوں کاکہنا تھا کہ جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کا غم وہی جانتے ہیں، پنجاب حکومت کی ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملزمان قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے بہاولنگر میں عزاداران پر کریکر حملے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے بہاول نگر دھماکے میں شہید عزاداران کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ ساتھ میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو فی الفور علاج معالجے کی سہولیات مہیا کی جائیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یوم عاشور پر بہاول نگر میں غمِ حسین منانے والوں پر حملہ دہشتگردی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ سخت سیکیورٹی کے باوجود جلوس میں دہشتگردی حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔