اسلام آباد: (سچ خبریں) پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کا معاملہ،الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی کو خط لکھ کر پنجاب کے انتخابات کی منسوخی کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے خط میں انتخابات منسوخی کی وجوہات بتائیں اور 8 اکتوبر کی نئی پولنگ تاریخ سے متعلق بھی آگاہ کیا،صدر مملکت کو 8 اکتوبر کی پولنگ کی تاریخ سے آگاہ کرنا مشاورتی عمل کا حصہ ہے۔
الیکشن کمیشن نے خط میں انتخابات منسوخ کرنے کی وجوہات بتائیں،8 اکتوبر کی نئی پولنگ تاریخ سے متعلق بھی آگاہ کیا
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کا شیڈول منسوخ کر دیا تھا جبکہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں الیکشن کے التوا کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا،پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ الیکشن کے التوا کیخلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کریں گے، پٹیشن میں 30 اپریل کو الیکشن کرانے کا مطالبہ کریں گے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی ہے،الیکشن کمیشن کا فیصلہ ان کے اپنے مؤ قف سے بھی متصادم ہے، جب لاہور اور پشاور ہائیکورٹس میں الیکشن کی تاریخ کے مقدمات چل رہے تھے، تینوں عدالتوں میں الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں وہ تاریخ کا تعین کرسکے۔
لیکن اچانک الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے اور نوے روز میں الیکشن کروانے کی ضرورت نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے چند گھنٹے پہلے پارلیمنٹ میں حکومت نے انتخابات میں تاخیر کی خواہش کی تو الیکشن کمیشن نے انتخابات مؤخر کردیئے۔ پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں جو فیصلے کئے گئے ، پہلا فیصلہ کہ سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا جائے۔