اسلام آباد:(سچ خبریں) پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے معیشت، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
معاہدہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔ ابوظہبی میں اینول سر بنی یاس فورم کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور ان کے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی فراخدلی اور سخاوت سے امداد کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے کام آنے والے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے مشکل وقت میں انسانی امداد کے سب سے بڑے عطیہ دہندگان میں سے ایک ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے مشکل وقت میں انسانی امداد کے سب سے بڑے عطیہ دہندگان میں سے ایک ہے۔