اسلام آباد (سچ خبریں) پاکستانی دوا ساز کمپنیوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان بھائیوں کیلئے ادویات بھجوانے کا فیصلہ کرلیا تاہم ادویات کی کھیپ افغانستان بھجوانے کی ذمہ داری حکومت کی ہو گی۔ادویات کی کھیپ حکومت پاکستان کے حوالے کی جائے گی، افغانستان نے ادویات کی فراہمی کی اپیل کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغان بھائیوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی دوا ساز کمپنیوں نے افغان بھائیوں کیلئے ادویات بھجوانے کا فیصلہ کرلیا۔
پی پی ایم اے 10کروڑمالیت کی ادویات رواں ماہ افغانستان بھجوائے گی اور یہ ادویات کی کھیپ حکومت پاکستان کے حوالے کرے گی، ادویات کی کھیپ افغانستان بھجوانے کی ذمہ داری حکومت کی ہو گی۔ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بخار، نزلہ زکام ، امراض قلب، شوگر، جان بچانےوالی کی ادویات افغانستان بھجوائی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ افغان وزیر صحت کی سربراہی میں وفد نے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا،افغان وفد نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ادویات فراہمی کی اپیل کی تھی۔یاد رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں پاکستان نے افغان وزیرصحت کی درخواست پر افغانستان کو جان بچانے والی ادویات عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے افغان مریضوں کی سہولت کیلئےبارڈر پر ڈاکٹرز تعینات کر دیے تھے۔