اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی حکومت نے نومبر میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بھارتی دہشت گرد کلبھوشن سے متعلق بل سمیت دیگر بل منظورکرائے کا جانے کا امکان ہے۔اپوزیشن کے لئے بھی مذاکرات کا سب سے بہترین فورم پارلیمنٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا ، ای وی ایم اوربھارتی دہشت گرد کلبھوشن سے متعلق بل پر اجلاس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس نومبر میں بلایا جائے گا ، ای وی ایم سمیت دیگربل مشترکہ اجلاس سے منظور کرائیں گے، ای وی ایم کو قانون کے تحت نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بابراعوان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ٹیکنالوجی استعمال کی ہدایت کی تھی، حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کر رہی ہے، قانون سازی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیں گے۔
اپوزیشن مذاکرات کے لئے کمیٹی کمیٹی کھیلنا چاہتی ہے، اپوزیشن نے فیٹف سمیت کسی قانون سازی میں دلچسپی نہیں لی اگر اپوزیشن مذاکرات کرنا چاہتی ہےتو ایوان میں کرے، مذاکرات کیلئے سب سے بہترین فورم پارلیمنٹ کا فورم ہے۔