اسلام آباد(سچ خبریں)عالمی وبا کورونا وائرس نے پاکستان میں اپنے پاؤں جما لئے ہیں اور کورونا وائرس خطرناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے، وزیر خزانہ اور سینیٹر شوکت ترین بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ شوکت ترین نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔وزیر خزانہ کے کووڈ 19 کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد ان کی صدارت میں آج ہونے والا اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اور سینیٹر شوکت ترین کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت ترین نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔وزیر خزانہ کے کووڈ 19 کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد ان کی صدارت میں آج ہونے والا اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا۔
یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی دوسری بار کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف کا دوسری بار کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
اس سے قبل 13 جنوری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی کووڈ 19 کی رپورٹ مثبت آنے کا اعلان کیا تھا جبکہ صدر عارف علوی بھی دوسری مرتبہ کوویڈ 19 کا شکار ہوچکے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس خطرناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے، نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کووڈ 19 کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 9 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔