پشاور (سچ خبریں) موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ایک آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ ہدایات دے رہے ہیں کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ منحرف اراکین اور امریکہ مخالف ریلیاں نکالی جائیں اور نعرہ بازی کی جائے ۔
انٹرنیٹ پر سامنے آنیوالی آڈیو میں پشتو بولتے سنا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی سینئر صحافی غریدہ فاروقی نے لکھا کہ ’ وزیراعظم نے کال کی اور کہا کہ آپ ریلیاں نکالیں، منحرف اراکین کیخلاف غدار غدار کی نعرہ بازی کی جائے ، ویڈیوز بنا کر مجھے بھجوائیں تاکہ وزیراعظم کو بھیجوں۔
کچھ ذرائع کاکہناہے کہ اس آڈیو میں کہاجارہاہے کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ جمعہ کی نماز کے بعد ان لوگوں اور امریکہ کیخلاف ریلیاں نکالیں ، غدار اور مردہ باد کے نعرے لگائیں،بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ جیتنے پر شکرانے کا بھی کہیں، اس کی ویڈیوز وزیراعظم کو بھجوانی ہیں کیونکہ یہ ان کا حکم ہے۔
ابتدائی طورپر آزاد ذرائع سے یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا آڈیو واقعی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہے یا نہیں تاہم سینئر صحافی غریدہ فاروقی سمیت سوشل میڈیا صارفین یہ آڈیو محمود خان سے ہی منسوب کررہے ہیں۔
تاہم بعد میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو کی تصدیق کر دی , ان سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ آڈیو ٹیپ آپ کی ہے ؟جس پر محمود خان نے کہا کہ ” جنگ اور محبت میں سب جائز ہے "۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو آپ کی ہے جس میں آپ لوگوں کو منحرف اراکین اور امریکہ مخالف ریلیاں نکالنے کا کہہ رہے ہیں؟ جس پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھاکہ جنگ اور محبت میں سب جائز ہے