اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر اعظم چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے دورہ 3 سے 6 فروری تک ہوگا جہاں وہ ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم چین کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔
خیال رہے کہ بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنے گا، چین نے کرونا وائرس کے باوجود سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے محتاط انتظامات کیے ہیں۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں سی پیک، تجارتی اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔وزیر اعظم کا دورہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی تقریبات کا اختتام ہوگا، دورہ چین میں متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم بیجنگ میں ممتاز کاروباری رہنماؤں اور چینی تھنک ٹینکس سے خطاب کریں گے جبکہ بیجنگ میں تعلیمی اداروں اور میڈیا نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔