اسلام آباد(سچ خبریں)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی، آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔معاشرے سے منافرت کا خاتمہ ریاست کے ساتھ ساتھ ہم سب کی ذمہ داری ہے، بین المذاہب ہم آہنگی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اقلیتی برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دین اسلام میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔انہوں نے انسانوں کے حقوق کی جانب رسول اسلامؐ کے اقوال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حضور پاکﷺ کے فرمودات میں بارہا واضح کیا گیا ہے کہ تمام انسانوں کے حقوق یکساں ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ صلح حدیبیہ معاشرتی اعتبار سے مصالحتی عمل کی اعلیٰ ترین مثال ہے، منافرت اور فرقہ وارانہ سوچ ختم کرکے ایک قوم بنا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے سے منافرت کا خاتمہ ریاست کے ساتھ ساتھ ہم سب کی ذمہ داری ہے، بین المذاہب ہم آہنگی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔
صدر مملکت نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی،اور عالمی سطح پر اس مسئلہ کو اٹھانے کی کوشش کی، آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔