لاہور: (سچ خبریں)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے صوبے بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دیتے ہوئے وہاں مریضوں کو مفت ادویات دینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہسپتال میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ڈبلیو آئی سی) کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں ہونے والے اجلاس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے ہیلتھ کارڈ پروگرام کو مزید بہتر انداز میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے ایمرجنسی میں مفت ادویات کا حصول مریضوں کا حق قرار دیا۔
وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ میں مریضوں کے لیے بستروں کی تعداد 400 تک بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹروں کی کمی بالخصوص اینستھیزیولوجسٹ اور پیرا میڈیکس کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے گا اور انستھیزیولوجسٹس کو خصوصی الاؤنس دیا جائے گا تاکہ انہیں ہسپتال میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے لیے آمادہ کیا جاسکے۔
انہوں نے ادارے کی خالی اراضی پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی رہائش گاہوں کی تعمیر کا بھی حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ایک خصوصی پروگرام شروع کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ فوری طور پر کاغذی کارروائی مکمل کی جائے تاکہ صوبے کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
اجلاس میں محکمہ صحت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔
سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق چیئرمین پی اینڈ ڈی سلمان غنی، وزیر اعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکریٹری جی ایم سکندر، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری صحت، وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ، ڈی جی ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے بستی تالپور میں سیلابی پانی میں ڈوب کر 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ میں شریک ہیں اور آزمائش کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے جہلم میں مسجد کی دیوار گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے متوفین کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔