اسلام آباد (سچ خبریں)گذشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تاریخی بلوں کی منظوری کےلئے ووٹنگ کے لئے آنے والے ایم این ایز کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے نے کہا ہے کہ بیمار ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت پر ایم این ایز کے جذبے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں قوم اور پی ٹی آئی کے توسط سے گذشتہ روز ہونے والے مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں بیماری کے باوجود ووٹنگ کیلئے آنے والے ایم این ایز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
عمران خان نے کہا ایم این ایزکے جذبے کو سراہتا ہوں، خیال زمان،احسان اللہ ٹوانہ ،راحت امان اللہ بھٹی شدیدعلالت کےباوجودآئے جبکہ شیخ رشید کا شکر گزار ہوں جو بھائی کی وفات کے باوجود اجلاس میں آئے۔
یاد رہے گذشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت نے عددی برتری ثابت کردی تھی ، اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور عام انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کی راہ ہموار کرنے سمیت متعدد بلوں کی منظوری دی گئی تھی۔