اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے سابق قیمتوں کو برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان پایا جاتا تھا، پیٹرول ساڑھے6 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان تھا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم نے عوامی ریلیف کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی ہے۔اعلامیے کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم کی بڑھتی عالمی قیمتوں کے باعث قیمتیں بڑھانےکی تجویزدی تھی لیکن وزیراعظم نے تجویزکردہ اضافہ مسترد کرکے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ حکومت عالمی سطح پربڑھتی مہنگائی کا بوجھ منتقل کرنےکی بجائے عوامی ریلیف کو ترجیح دےرہی ہے لہٰذا اوگراکے تجویز کردہ حالیہ اضافےکی مد میں عوام پربوجھ کو حکومت خودبرداشت کررہی ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین اوگرا مسرور خان نے کہا تھا کہ آئندہ 5 ماہ تک ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی۔اسلام آباد میں سینیٹر رانا مقبول احمد کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی ارکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر اظہار تشویش کیا۔ کمیٹی نے قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار اوگرا کو قرار دیدیا۔