اسلام آباد(سچ خبریں) دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے بھارتی قابض فورسز کی مقبوضہ کشمیر کے رہنما سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھیننے کے وحشیانہ اقدام کی شدید مذمت کردی ان کا کہنا تھا کہ ‘جب سید علی گیلانی کا خاندان آخری رسومات کی تیاری کر رہا تھا، قابض فوج کی بھاری نفری نے سری نگر میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، خاندان کے افراد کو ہراساں کیا اور علی گیلانی کی لاش چھین لی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘جب خاندان کے افراد نے چھاپہ مارنے والی فورسز کو بتایا کہ سید علی گیلانی کی وصیت کے مطابق انہیں سرینگر میں شہدا کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا تو انہیں مبینہ طور پر بتایا گیا تھا کہ بھارت انہیں ان کی پسند کی جگہ پر تدفین نہیں کرنے دے گا’۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے بہت خوفزدہ ہے اور اس نے ان کے انتقال کے بعد بھی اس غیر انسانی اقدام کا سہارا لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ قابض افواج کے وحشیانہ سلوک کی عکاسی کرتا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت کشمیر پر اپنے قبضے کو جاری رکھنے کے لیے تمام سول اور انسانی اقدار کو پامال کرے گا’ انہوں نے نشاندہی کی کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور انٹرنیٹ سروسز بھی ‘بند’ کر دی گئی ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ‘بین الاقوامی برادری کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی اس بے مثال اور سنگین صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے’۔